اکیڈمی_کا_قیام ؛ الاحسان اکیڈمی بہرائچ کا قیام سنہ 2020 مطابق 1441 ہجری لاک ڈاؤن میں ہوا تھا۔ اکیڈمی کا بنیادی مقصد ادب کا فروغ بالخصوص ادباء شعراء اور مصنفینِ بہرائچ کے علمی، ادبی، اور تحقیقی کارناموں نیز بہرائچ سے جاری ہونے والے اخبارات، رسائل اور جرائد کو محفوظ کرنا اور نسل نو کو ان کی ادبی، علمی وراثت سے روشناس کرانا ہے۔ چونکہ ہمارے پاس سرمایہ کی قلت تھی، اور کام بہت اہم، وقت طلب اور عظیم الشان تھا۔ جس کے لیے ابتدائی مرحلے میں کم از کم ایک لائبریری کا قیام ضروری تھا، جو فی الحال ہمارے بساط سے باہر تھا۔ اس لیے سر دست ہم لوگوں نے کام کو بہت بڑے پیمانے پر شروع کرنے کے بجائے چھوٹے پیمانے پر شروع کیا، اور ٹیلیگرام پر ایک چینل بنایا گیا، اور بسیار تلاش و جستجو کے بعد حاصل ہونے والی کتب، رسائل و جرائد اور اخبارات وغیرہ کو اسکین کرکے اپلوڈ کرنا شروع کر دیا۔ اسی طرح بعض قدیم کتب کو از سر نو کمپوز کروا کر ان کی برقی اشاعت کی گئی۔